اہم خبریں

ایرانی گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیاں، پاکستان نے بڑا قدم اٹھا لیا

اسلام آباد (رضوان عباسی سے)پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کے خلاف استثنا لینے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا امکان ۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور توانائی بحران کے پیش نظر پابندیوں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔ذرائع کے مطابق، پاکستان نے امریکہ کو قائل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کہ ایران گیس منصوبے پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

اس مقصد کے لیے بھرپور لابنگ اور مؤثر دلائل پیش کیے جائیں گے تاکہ استثنا حاصل کیا جا سکے۔حکومتی عہدیداروں کے مطابق نگران حکومت نے پہلے ہی پاکستانی سرزمین پر 80 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کی تعمیر کی منظوری دے دی تھی، تاہم جیوپولیٹیکل صورتحال کے پیش نظر امریکی پابندیوں کے خلاف درخواست دائر کرنے کا منصوبہ موخر کر دیا گیا تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کا ارادہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے ایران گیس منصوبے پر پابندیوں کا مسئلہ مؤثر انداز میں اٹھایا جائے۔

اس کے لیے سیاسی اور تکنیکی دلائل کا سہارا لیا جائے گا تاکہ منصوبے کی تکمیل ممکن ہو سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس منصوبہ پاکستان کے توانائی بحران کو کم کرنے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اگر امریکہ اپنی پابندیوں میں نرمی کرے تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے بھی ایک مثبت قدم ہوگا۔پاکستانی حکومت کی ان سفارتی کوششوں کا نتیجہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔
مزید پڑھیں: خاتون لیکچرر کو ہراساں کرنے پر اردویونیورسٹی کا پروفیسرنوکری سے فارغ

متعلقہ خبریں