اسلام آباد( محمد ابراہیم عباسی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اور آئی جی اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔
یہ درخواست اسلام آباد ایف سیون کے تاجروں کی تنظیم کے صدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ہزاروں مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہو کر نظام زندگی کو مفلوج کر گئے۔ ان مظاہرین کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا اور وہ بزورِ طاقت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ حکومت اور انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف حیران کن ایف آئی آر منظرعام پرآگئی