اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پولی کلینک میں لاشوں سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا ہے۔ ترجمان پولی کلینک کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں نہیں لائی گئیں، پولی کلینک سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی ہلاکت کی خبروں کو جھوٹ اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہرین کی ہلاکت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر چند افراد کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے متعدد مظاہرین جاں بحق ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی ہلاکت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں کوئی آتشیں اسلحہ استعمال نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: بھٹو ریفرنس فیصلے کے 5 ماہ بعد جسٹس منصور علی شاہ کا اضافی نوٹ جاری