اسلام آباد(نیوز ڈیسک )بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پیر کو پاکستان پہنچیں گے اور صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔بیلاروس کا وفد وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف کی قیادت میں پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان نے وفد کا استقبال کیا۔بیلاروس میں پاکستان کے سفیر سجاد حیدر خان بھی وفد کے استقبال میں موجود تھے۔
بیلاروسی وفد 68 افراد پر مشتمل ہے جن میں 43 کاروباری افراد اور وزیر خارجہ کے ساتھ آٹھ وزراء شامل ہیں۔وفد کے اس سرکاری دورے کے دوران پاکستان اور بیلاروس میں تجارتی روڈ میپ پر دستخط کیے جائیں گے۔ فریقین زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی چار یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔
دونوں ممالک مشترکہ طور پر الیکٹرک بسوں کی تیاری، زرعی مشینری اور ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دینے اور تجارت، سرمایہ کاری، سیکورٹی اور دفاعی تعاون اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے پر بھی غور کریں گے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ برہان کے قریب ڈھوک گھر پہنچ گیا