بنوں(نیوز ڈیسک )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران تین خوارج کو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آج صبح دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مارے گئے خوارج معصوم شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔اس سے قبل پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 نومبر 2024 کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے اور 12 فوجی بھی شہید ہوئے۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا سکولوں کے طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا حکم