اہم خبریں

پیپلز پارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط ارسال کیا جس میں پی اے سی ارکان کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی اے سی کے 11 ارکان نے ریکوزیشنز جمع کرادی ہیں۔ سپیکر کی جانب سے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خط میں سپیکر ایاز صادق سے بھی مدد مانگی، جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک مستقل چیئرمین کا تقرر نہیں ہوتا، کمیٹی ممبران انتخابات کے ذریعے اپنا چیئرمین منتخب کریں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ناموں کا ایک پینل دوبارہ طلب کیا ہے۔ اس معاملے پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی سپیکر ایاز سے ملاقات کی۔

پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین بنانے پر بضد ہے۔دریں اثنا، پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے بھی پی اے سی کی سربراہی کے لیے پی پی پی کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔ مارچ میں جب سے حکومت قائم ہوئی ہے، پارلیمنٹ کی سب سے اہم کمیٹی پی اے سی ابھی تک اپنے چیئرمین کا انتخاب نہیں کر سکی ہے۔
مزید پڑھیں: الیکٹرک بائیکس کیلئے درخواست دینے والی تمام طالبات کو بائیکس دینے کا اعلان

متعلقہ خبریں