اسلام آباد (اے بی این نیوز) عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی۔
یہ بات عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
خالد یوسف چوہدری کے مطابق علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر رابطہ کرنے پر مذاکرات کی اجازت لینے آئے تھے۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ مذاکرات صرف اقتدار والوں سے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مطالبات پر مذاکرات کی اجازت دی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج مطالبات تسلیم ہونے پر ہی ختم ہوگا۔
خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کرنے سے پہلے مذاکرات کی اجازت دی تھی۔ علی امین گنڈا پور نے عمران خان کو احتجاج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
عمران خان کے وکیل کے مطابق عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو بھی ہدایات جاری کیں۔ عمران خان، بیرسٹر گوہر خان اور علی امین گنڈا پور کے درمیان ملاقات تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہی۔
آج پی ٹی آئی کے بانی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر سے راولپنڈی اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی۔