اسلام آباد(نیوز ڈیسک )انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اور رہنماؤں کے خلاف پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ کے خلاف دائر 6 مختلف مقدمات کی سماعت کی۔
اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مختلف تھانوں میں مختلف واقعات کے لیے درج مقدمات کی سماعت کی۔ ان میں سے ایک تھانہ سی ٹی ڈی، ایک تھانہ گولڑہ، دو تھانہ رمنا، ایک تھانہ سنگجانی اور ایک تھانہ بہارہ کہو میں درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدم حاضری سے متعلق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔آج کی سماعت میں عامر محمود کیانی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمات پر آج ہونے والی سماعت میں غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ان میں علی نواز اعوان اور عامر مغل سمیت دیگر شامل ہیں۔
تھانہ رمنا میں درج مقدمات کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ بھی طلب کی گئی جس میں حماد اظہر، مراد سعید، فرخ حبیب، واثق قیوم اور دیگر کے خلاف جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری شامل ہیں۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانہ سنگجانی اور تھانہ رمنا میں درج مقدمات کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی، گولڑہ اور بارہ کہو تھانوں میں درج مقدمات کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار محمد مسروف، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی طبیعت ناساز، ایپکس کمیٹی کا آج ہونیوالا اجلاس موخر