اہم خبریں

ملک بھر میں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ، تفصیلات جاری

لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان بیورو آف شماریات نے 2017 سے 2023 تک پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں آبادی میں اضافے کی شرح کی تفصیلات جاری کر دیں۔ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

پنجاب کے شہری علاقوں میں آبادی میں اضافے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے تین گنا تک پہنچ گئی ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان میں بھی شہری آبادی میں اضافے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب ملک بھر میں آبادی میں اضافے کی شرح میں سرفہرست ہے۔

سندھ میں مشرقی کراچی ضلع، خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان، اور بلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی میں سب سے تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان کی آبادی میں گزشتہ سات سالوں کے دوران اوسطاً 2.55 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہوا ہے، دیہی آبادی میں 1.88 فیصد اور شہری آبادی میں 3.67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے 2017 سے 2023 کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی آبادی میں اضافے کی شرح 2.53 فیصد رہی۔ پنجاب کی دیہی آبادی میں 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا۔پنجاب میں سب سے زیادہ آبادی میں اضافے کی شرح ننکانہ صاحب ضلع میں 3.19 فیصد رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ کی آبادی میں اضافے کی اوسط سالانہ شرح 2.57 فیصد رہی۔ سندھ کی دیہی آبادی میں 1.82 فیصد اور شہری آبادی میں 3.24 فیصد اضافہ ہوا۔سندھ میں سب سے زیادہ آبادی میں اضافے کی شرح کراچی کے مشرقی ضلع میں 5.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح صوبہ خیبرپختونخوا کی آبادی میں اضافے کی شرح 2.38 فیصد رہی۔ کے پی میں دیہی آبادی 2.69 فیصد اور شہری آبادی میں اضافے کی شرح 0.72 فیصد تھی۔سب سے زیادہ آبادی میں اضافے کی شرح ضلع زیریں کوہستان میں 9.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق بلوچستان میں آبادی میں اضافے کی اوسط سالانہ شرح 3.20 فیصد رہی۔ یہاں دیہی آبادی میں اضافے کی شرح 2.39 فیصد اور شہری آبادی میں 5.19 فیصد اضافہ ہوا۔بلوچستان میں سب سے زیادہ آبادی میں اضافے کی شرح ضلع واشک میں 9.51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی میں سالانہ اوسطاً 2.80 فیصد اضافہ ہوا۔ دیہی آبادی میں 3.97 فیصد اور شہری آبادی میں 1.59 فیصد اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے کیرولین لیویٹ کو وائٹ ہائوس کی ترجمان نامزد کردیا

متعلقہ خبریں