لاہور(نیوز ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کے باعث بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ضلعی انتظامیہ فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔
ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے تحت آلودگی کے خلاف حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق آج (پیر) سے کمرشل مارکیٹس اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں بند رہیں گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ہر قسم کے کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہوگی، کھانے پینے کے ریسٹورنٹس پر بھی پابندی ہوگی۔
تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند رہیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔لاہور کے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔ ان احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔
یہ احکامات آج سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوام سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ بچوں، بوڑھوں اور بیماروں کو بالخصوص سموگ سے بچاؤ، گھروں کے اندر رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں، گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کا تعاون ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، مل کر سموگ کا مقابلہ کریں گے۔
مزید پڑھیں :کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں فی کلو60 روپے تک کا ہوشرباء اضافہ