کراچی ( نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ عمران خان بڑی مشکل میں ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ جیل میں گرمیاں گزارنے کے بعد سردیاں بھی جیل میں گزاریں گے۔
خیرپور میں نو تعمیر شدہ پاکستان لاء کالج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں 18ویں آئینی ترمیم کی شقیں بھی شامل ہیں۔منظور حسین وسان نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ اور عوام سمیت کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔
پیپلز پارٹی پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہونے کا الزام غلط ہے، منظور حسین وسان۔منظور حسین وسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی حامی جماعت ہے اور ہم عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کے ساتھ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہے۔
منظور حسین وسان نے کہا کہ ہم پنجاب کے علاقوں میں دریائے سندھ سے چھ نئی نہروں کی تعمیر کی حمایت نہیں کرتے۔منظور وسان نے کہا کہ نئے تعلیمی ادارے بنانے سے تعلیم پروان چڑھے گی، تعلیم سے محبت کرنے والے تعلیمی ادارے کھولنے پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی تاریخ بتاتی ہے کہ خیرپور زمانہ قدیم سے ایک علمی و ادبی شہر کا شاہکار رہا ہے۔