اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکال دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی زرتاج گل کا نام پی سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی جب کہ ان کے وکیل ایڈووکیٹ اسامہ طارق عدالت میں پیش ہوئے۔ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرتاج گل کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا۔ ان کے بیرون ملک جانے اور نیا پاسپورٹ حاصل کرنے پر کوئی پابندی نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست نمٹا دی جائے۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج کا نام پی سی ایل سے نکالتے ہوئے درخواست خارج کردی۔
واضح رہے کہ زرتاج گل کا نام وزارت داخلہ پنجاب کی درخواست پر ڈیرہ غازی خان کیس کی وجہ سے پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے پی سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف اپنے وکیل ایڈووکیٹ اسامہ طارق کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
مزید پڑھیں: جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں5رکنی لارجر بینچ ڈی لسٹ