اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا اور مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی۔
زخمی پولیس اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کی ہمت اور بہادری کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے شرپسندوں سے نمٹنے کے دوران ان کے صبر کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ وہ زخمی پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے پولی کلینک ہسپتال کی انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو تمام بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد علی ناصر رضوی ہسپتال کے دورے کے دوران وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔