اہم خبریں

آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات ،حکومت پاکستان کوششوں کوسراہتے ہیں، بینکس ایسوسی ایشن

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان بینکس ایسوسی ایشن آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور 37ماہ کی مدت کیلئے7ارب ڈالر کے قرضے کے حصول پر حکومت ِ پاکستان اور وزارت خزانہ کی کوششوں کو سراہتی ہے ۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیڈرل منسٹربرائے فنانس اینڈ ریونیوسینیٹر محمد اورنگزیب کا غیر متزلزل عزم اور مائیکرو اکنامک اشاروں میں بہتری اور پائیدار ترقی کیلئے مستحکم پالیسوں اور اصلاحات کا نفاذ قابل تحسین ہے ۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے فیڈرل منسٹربرائے فنانس اینڈ ریونیو کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا جس کے دوران انہوں نے آئی ایم ایف کے موجودہ معاہدے کی بنیادی اصلاحات کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا جو کہ پاکستان کے لیے آخری فنڈنگ پروگرام ہے ۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کے متوقع معاشی نقطہ نظر کے بارے میں بھی اپنے پرامید خیالات کا اظہار کیااور بتایا اصلاحات کے ذریعے برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل نمو، پالیسی ریٹ کی شرح میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہواہے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن وزیر خزانہ کے اس وژن کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ اس ترقی کو صرف دستاویزی معیشت کی بنا پر ہی تیز کیا جا سکتا ہے، اورانہوں نے زور دیا کہ پاکستان کوموجودہ کیش پر مبنی معیشت کیخلاف ”جوہری جنگ” کا آغاز کرنا چاہیے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے مالیاتی شمولیت بڑھا کر شفاف اور کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے ساتھ پہلے سے مل کر کام کر رہی ہے۔

اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ظفر مسعودنے کہا’’ملکی منصوبے پر موثر عمل درآمد کے ساتھ حکومت پاکستان ایک لچکدار اقتصادی مستقبل کی راہ ہموار کررہی ہے۔پاکستان بینکس ایسوسی ایشن پائیدار معاشی استحکام کے حصول اور تیز رفتار پیشرفت کے لیے حکومت کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کی جانب سے اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا،آیت اللہ خامنہ ای

متعلقہ خبریں