اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ نے کہا ہے کہ میرے دورے کا مقصد او آئی سی کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔سیکریٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ پاکستان آمد پر ہونے والے پرتپاک استقبال پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں، اسلامی تعاون تنظیم نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیا ہے۔حسین براہیم طحہٰ نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کا بانی رکن ملک ہے، مظلوم کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ او آئی سی پہلے بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے، اس دورے کا مقصد بھی او آئی سی کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔