اہم خبریں

توشہ خانہ ٹو کیس ،ضمانت کی درخواستوں پر پانچ دن میں فیصلہ لازمی قرار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

اس کے مطابق پانچ دن کے اندر ضمانت پر فیصلہ ہونا ضروری ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تین صفحات پر مشتمل محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ قومی جوڈیشل پالیسی کے مطابق مجسٹریٹ کو تین دن اور سیشن کورٹ کو پانچ دن میں ضمانت پر فیصلہ کرنا ہوگا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ قومی عدالتی پالیسی کے مطابق ہائی کورٹ کو سات دن کے اندر ضمانت پر فیصلہ کرنا ہوگا۔

آئی ایچ سی نے کہا کہ سیشن کورٹ کے لیے دیے گئے وقت کا اطلاق خصوصی عدالت پر ہوگا۔ خصوصی جج مرکزی پالیسی مینڈیٹ کے مطابق ضمانت پر فیصلہ دے سکتا ہے۔عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ 5 کاروباری دنوں میں آنے کا امکان ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ان کی درخواست ضمانت میں بلا وجہ تاخیر کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کے وکلاء نے درخواست ضمانت پر جلد فیصلہ سنانے کی استدعا کی۔آئی ایچ سی نے فیصلے میں کہا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے موقف اختیار کیا کہ ضمانت کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ عدالت کرے گی۔ کیس ایف آئی اے کو منتقل ہونے کے بعد ضمانت کی درخواستیں سپیشل جج سنٹرل کے سامنے زیر التوا ہیں۔
مزید پڑھیں: سی ڈی اے کاپاکستانیوں کو 700 سے زائد پلاٹس دینے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں