لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گلابی نمک کی برآمد پر پیشرفت کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی پر زور دیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں گلابی نمک سے محصولات حاصل کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گلابی نمک کے لیے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کے قیام کے منصوبے کی تیاری کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میں معدنیات کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے خام گلابی نمک کی برآمد پر پابندی کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مائننگ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم ملک کے قیمتی ذخائر کو کم قیمت پر فروخت نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان کے لیے گلابی نمک خزانے کی مانند ہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: حکومت پنجاب کا کورٹ فیسز میں کمی کااعلان،نوٹیفکیشن جاری