اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،سیکریٹری جنرل اوآئی سی کو پاکستان آمدپر خوش آمدید کہتا ہوں،مسلم امہ کیلئے او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہیں، وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کی ہفتہ کو پاکستان کے دورے پر آئے اوآئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اوآئی سی مسلم دنیا کاسب سے بڑانمائندہ پلیٹ فارم ہے،وزیرخارجہ نے کہاکہ سیکریٹری جنرل او آئی سی وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے،اورآزاد جموں و کشمیر کا بھی دورہ کریں گے،انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،مسلم امہ کیلئے او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہیں،وزیرخارجہ نے سیکریٹری جنرل او آئی سی سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی ،ملاقات میںاو آئی سی 17ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں اورسفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے سیکریٹری جنرل او آئی سی سے تبادلہ خیال کیا، اسلامی تعاون تنظیم کا افغانستان سے متعلق سفارشات پر خاطرخواہ کام خوش آئند ہے۔واضح رہے کہ ا سلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ آزادکشمیر کے تین روزہ دورے کے لیے ہفتے کو اسلام آباد پہنچے ہیں ۔اسلام آباد آمد پر او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ اور او آئی سی کے ڈائریکٹر جنرل فرخ اقبال خان نے ان کا استقبال کیا۔سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، جو نومبر 2021 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔اوآئی سی سیکرٹری جنرل وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیر تجارت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔