لاہور(نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) لاہور کے جج ارشد جاوید کی گاڑی کو کینال روڈ پر نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی، تاہم وہ محفوظ رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبل کیبن گاڑی سے تصادم کے باعث جج ارشد جاوید کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ وہ بحفاظت اے ٹی سی لاہور پہنچ گئے اور ان کی گاڑی کو مرمت کے لیے ورکشاپ بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔خیال رہے کہ جج ارشد 9 مئی کو مختلف مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی، عمر ایوب، سرفراز چیمہ، صنم جاوید، علیمہ خان اور دیگر کے کیسز ان کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ اس کے علاوہ جج ارشد 9 مئی کے واقعے میں نامزد فواد چوہدری، اسد عمر اور دیگر ملزمان کے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔