اہم خبریں

بھارتی جیلوں سے رہائی پانے والے 14 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

لاہور(نیوز ڈیسک )بھارتی جیلوں میں سزائیں پوری کرنے والے چودہ پاکستانی شہریوں کو رہا کر کے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔اس گروپ میں نو شہری اور پانچ ماہی گیر شامل تھے۔

تفصیلات کے مطابق، بھارتی حکام نے انہیں سرحدی کراسنگ پر پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کر دیا۔رہا ہونے والے شہریوں کی شناخت محمد آفاق، فقیر حسین، اللہ بسایا، اکبر مسیح، طارق محمود، وسیم، راجو، اللہ بچایو اور گل شیر کے نام سے ہوئی ہے۔ ماہی گیروں میں عبداللہ، راجن، سگانجیو، غلام مصطفیٰ اور ثمر شامل تھے۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ ان افراد کو ان کے گھروں کو بھیجنے سے پہلے قانونی کارروائیوں سے گزرنا پڑے گا۔ماہی گیروں کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے جاری کوششوں کی تصدیق کی۔

اس سال کے شروع میں یکم جولائی کو پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کی جیلوں میں قید قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا۔پاکستان نے بھارت کو 38 دفاعی اہلکاروں اور بھارت میں قید 452 شہریوں اور ماہی گیروں کے نام فراہم کیے جب کہ بھارت نے پاکستان میں زیر حراست 452 بھارتیوں یا مبینہ بھارتی شہریوں کی تفصیلات شیئر کیں۔ان 14 افراد کی واپسی کے بعد مزید وطن واپسی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: کینیڈا میں مقیم پاکستانی نوجوان داعش کی مدد کرنے کے الزام میں گرفتار

متعلقہ خبریں