اسلام آباد( نیوز ڈیسک اسلام آباد میں 16 سال بعد پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ جس کے بعد رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
نیشنل ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسل IV کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں تقریباً 16 سال بعد ایک کیس سامنے آیا ہے۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے جون کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک اور پاکستانی بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے۔ حکومت نے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ بنایا ہے۔ملک میں پولیو کیسز کے حوالے سے کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر انوار الحق نے کہا کہ وہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی کے لیے کوششیں تیز کر رہے ہیں۔