پشاور(نیوز ڈیسک )خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور جمعرات کو اسلحہ اور شراب کیس میں اسلام آباد کی عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا طبیعت خراب ہونے کے باعث اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دے دی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین نے بھی راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) میں درخواست دے دی ہے۔علی امین گنڈا پور کی جانب سے عالم خان آدیزئی نے پی ایچ سی میں درخواست دیتے ہوئے آج سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتوں نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
مزید پڑھیں: عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیوکیس،عدالت ایف آئی اے رپورٹس پر برہم