لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان پنجاب میں اختیارات کی تقسیم کے حوالے سے ملاقات آج (پیر) کو دوبارہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس آج شام سات بجے گورنر ہاؤس لاہور میں ہو گا جس سے مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔پی پی پی کمیٹی کے ارکان مسلم لیگ ن کے ساتھ اجلاس میں شرکت سے قبل اپنا اجلاس کریں گے۔کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی پیپلز پارٹی کی نمائندگی کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن کی نمائندگی اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، ملک محمد احمد خان اور مریم اورنگزیب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں پاور شیئرنگ کے حوالے سے 25 اگست کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹی کا گزشتہ اجلاس بے نتیجہ رہا تھا۔اطلاعات ہیں کہ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں اقتدار کی تقسیم کے فارمولے پر عمل درآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری، 24 گھنٹوں میں 10 کیسز رپورٹ