اہم خبریں

جرمن سفارتخانے کا اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے بڑا اعلان،تفصیلات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلام آباد میں جرمن سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ وہ مضبوط تعلیمی پس منظر اور اسکالرشپ کے حامل افراد کو ترجیح دیتے ہوئے صرف وہی طالب علم ویزا درخواستوں پر کارروائی کرے گا جنہیں وہ حقیقی طور پر مستحق سمجھے گا۔

ایک بیان میں، سفارت خانے نے تصدیق کی کہ موسم سرما کے سمسٹر کا کوٹہ پُر ہو گیا ہے۔ڈان اخبار کے مطابق بہت سے طلباء نے جرمن یونیورسٹیوں سے قبولیت کے خطوط موصول ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کی جانب سے انہیں انٹرویو کے لیے نہیں بلایا گیا۔

طلباء کا دعویٰ ہے کہ 21 مئی کو اپوائنٹمنٹ سسٹم کھل گیا، لیکن عام ٹریک کے ذریعے جمع کرائی گئی درخواستوں کے لیے انٹرویوز طے نہیں کیے جا رہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انٹرویو کے لیے صرف فاسٹ ٹریک درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔بہت سے طالب علموں نے پروسیسنگ میں تاخیر اور ویزا درخواست کے عمل سے منسلک زیادہ اخراجات کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔

جرمن سفارت خانے کے کمیونیکیشن سیکشن نے واضح کیا ہے کہ اس سال سرکاری وظائف یا غیر معمولی اسکول اور انڈرگریجویٹ نتائج کے حامل طلباء کی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی۔

جرمن سفارت خانہ جرمنی میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد کو تسلیم کرتا ہے۔درخواستوں کا موجودہ حجم سفارت خانے کی پروسیسنگ صلاحیت سے زیادہ ہے۔ سفارت خانہ درخواستوں کی تیز تر کارروائی کے لیے اپنی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

جرمن سفارت خانے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اسکالرشپ ہولڈرز اور پی ایچ ڈی طلباء کو ترجیح دے گا۔ 3.7 یا اس سے زیادہ کے مجموعی GPA والے طلباء کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں