رحیم یار خان (نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہفتے کو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کچے کے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے بلند کئے۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں وسیم ارشد، بلال، فاروق، نبیل شہزاد، زاہد، سعید اور محمد ایوب کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔مریم نواز نے زخمی نوجوانوں کے والدین اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کی بات بھی سنی اور مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر زخمی سپاہی بلال کا کہنا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں، وہ صحت یابی کے بعد دوبارہ لڑیں گے اور امن کے دشمنوں کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بلال کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار بھائیوں اور بیٹوں کی طرح ہیں، وہ ان کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں، حملہ آوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرلز (آئی جیز)، پولیس اور انتظامی حکام بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: علیمہ خان، رؤف حسن واٹس ایپ پیغامات ، نیا پنڈورا باکس کھل گیا