اہم خبریں

چکوال ٹیکسٹائل کے حصص کی منتقلی روکنے کا ایس ای سی پی کا حکم نامہ معطل

لاہور ( نیوز ڈیسک )لاہور ہائی کورٹ نے چکوال ٹیکسٹائل کے حصص کی منتقلی روکنے کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے جاری کردہ حکم کو معطل کر دیا ہے۔

جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے ایس ای سی پی کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے والی کامران رشید کی درخواست پر سماعت کی۔لاہور ہائیکورٹ کے جج نے چیئرمین ایس ای سی پی سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔

شاہد اکرام صدیقی ایڈووکیٹ اور بیرسٹر ساجد اکرام نے عدالت میں درخواست گزار کی نمائندگی کی۔شاہد اکرام صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ کسی شخص کو کاروبار کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کا کاروبار معطل کرنے کا حکم جاری کرنا بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ایس ای سی پی کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایس ای سی پی نے قانون اور دائرہ اختیار کے مطابق حکم جاری کیا، اس پر اصرار کیا کہ درخواست قابل سماعت نہیں۔

شاہد اکرام صدیقی ایڈووکیٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایس ای سی پی کو کسی کے شیئرز کی منتقلی روکنے کا حکم دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ایس ای سی پی کے حکم نامے کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

ایس ای سی پی کے وکلاء اپنے دلائل سے عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔لاہور ہائیکورٹ کے جج نے تمام دلائل سننے کے بعد ایس ای سی پی کا حکم معطل کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: بظاہر لگ رہا ہے حکومت ہی جبری گمشدگیوں کی بینیفشری ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ

متعلقہ خبریں