راولپنڈی(نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے یوم آزادی پر ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
تقریب میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آرمی چیف عاصم منیر نے ریٹائرڈ افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملک کے تحفظ میں ریٹائرڈ فوجی جوانوں اور افسران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سابق فوجی افسران کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے۔
آرمی چیف نے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریٹائرڈ قیادت پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی۔آئی ایس پی آر کے مطابق عاصم منیر نے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں اور قوم کے غیر متزلزل تعاون سے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد اور یقین کا اظہار کیا اور بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کا مقصد پاک فوج کی موجودہ اور ریٹائرڈ قیادت کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرنا تھا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ افسران اور جوان ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف شہروں میں آج جمعرات 15 اگست 2024 سونے کی قیمت میں مزید اضافہ