لاہور( نیوز ڈیسک )اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 574 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی اور چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق لاہور میں کورئیر آفس سے فرانس اور سعودی عرب بھیجے گئے دو پارسلوں سے 1.6 کلو آئس برآمد ہوئی۔ترجمان نے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ سے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے 56 کیپسول برآمد ہوئے۔
ایک اور کارروائی میں 26 چونگی اسلام آباد پر ایک گاڑی سے 273.6 کلو گرام چرس، 85 کلو گرام ہیروئن، 68.4 کلوگرام افیون اور 1.5 کلو آئس برآمد کر کے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
علاوہ ازیں رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 64 کلو گرام چرس اور 19.2 کلو افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔مزید برآں خانیوال روڈ ملتان پر ایک گاڑی سے 60 کلو گرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی