لاہور(نیوز ڈیسک )پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں پنجاب حکومت، سیکرٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنرز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب میں دفعہ 144 سیاسی بنیادوں پر سیاسی جماعت کے پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے لگائی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت دفعہ 144 کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک دفعہ 144 کے نفاذ کو معطل کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کی کال کے بعد صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی ہے۔
صوبے بھر میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کا اطلاق 26 جولائی بروز جمعہ سے 28 جولائی بروز اتوار تک ہو گا۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 امن و امان برقرار رکھنے اور انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے نافذ کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزجمعتہ المبارک،26جولائی 2024 آپ کا دن کیسا رہے گا ؟