لاہور (نیوز ڈیسک )جسٹس عالیہ نیلم کو باضابطہ طور پر لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ جسٹس محمد شفیع صدیقی سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دیں گے۔
جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب جمعرات کو گورنر ہاؤس لاہور میں ہوگی جہاں گورنر سلیم حیدر ان سے حلف لیں گے۔وزارت قانون و انصاف نے صدر آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد دونوں عدالتوں کے چیف جسٹسز کی قرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
دونوں ناموں کی منظوری سپریم جوڈیشل کمیشن اور ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے دی تھی۔اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد جسٹس عالیہ نیلم چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے طور پر اپنے فرائض سنبھالیں گی۔جسٹس عالیہ نیلم 1966 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
جسٹس عالیہ نیلم 1996 میں بطور وکیل رجسٹر ہوئیں، 1998 میں ہائی کورٹ کی وکیل بنیں اور 2008 میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں۔ انہوں نے آئینی، سول، فوجداری اور انسداد دہشت گردی کے قانون سمیت مختلف شعبوں میں پریکٹس کی۔
جسٹس عالیہ نیلم کو 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا اور وہ 2015 میں لاہور ہائی کورٹ کی مستقل جج بن گئیں، اب انہیں باضابطہ طور پر لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آ ج11جولائی بروزجمعرات 2024 پاکستان کے مختلف شہروں میں موسم کیسا رہے گا؟؟