دو شنبہ (نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے تاجکستان کو کراچی پورٹ کو ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریک اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
بدھ کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے تاجک ہم منصب کوخیر رسولزادہ کے درمیان دوطرفہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی دعوت پر تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مسلسل توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا اور موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی واٹر کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی فائدہ مند اقتصادی تعاون کے نئے شعبے کھلیں گے۔
مزید پڑھیں: این ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ لانچ کردی