اہم خبریں

وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے گرانٹ میں کتنااضافہ ہوا ؟؟ اپ ڈیٹ آگئی

لاہور(نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہفتے کے روز وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے گرانٹ میں ایک ارب روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بار کونسلز کی اعلیٰ باڈیز کے اراکین نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے گرانٹ کو ایک ارب روپے کرنے اور بار کونسل میں خواتین وکلاء کے لیے خصوصی ہال اور ڈے کیئر سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ نے اٹک میں دو وکلا کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔مریم نواز کی ہدایت پر پولیس نے فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا۔ انہوں نے ملزمان کے خلاف بار کونسل اور لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت میں مقدمہ چلانے کی ہدایت کی اور وزیر قانون کو نگرانی کا حکم دیا۔

انہوں نے وکلاء کے قتل پر بار کونسل کے عہدیداروں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔مریم نواز نے پنجاب بار کونسل کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے بہاولپور اور ملتان بار کے صدور سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب بار کونسل کو 50 ملین روپے اور بہاولپور اور ملتان ہائی کورٹ بارز کو 10 ملین روپے کی گرانٹ کا چیک جاری کیا۔ملاقات میں وکلاء برادری کے لیے سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت اور وکلاء برادری کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

مریم نواز نے بار کے وفد کو وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی تعاون کا یقین دلایا اور پنجاب میں منصفانہ اور موثر قانونی نظام کے اجتماعی مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے وکلاء کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری کی قانون کی بالادستی کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وہ قانون کی حکمرانی اور ہر فرد کے لیے انصاف تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت عدالتی نظام کی استعداد کار بڑھانے اور انصاف کی فوری فراہمی کے لیے انتظامی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔
مزید پڑھیں: عید الاضحی میں دو دن باقی رہ گئے، جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

متعلقہ خبریں