لاہور (نیوز ڈیسک )غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بشکیک سے گیارہ بجے لاہور پہنچی۔ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے 30 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے۔ بشکیک سے لاہور پہنچنے والے 30 طلباء میں ایک زخمی طالب علم بھی شامل ہے۔بشکیک سے آنے والی پرواز میں 30 طلباء سمیت 140 افراد سوار تھے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں سب انسپکٹر کا ٹریفک وارڈن کو برہنہ کرکے تشدد
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ پر پاکستانی طلباء کا استقبال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ذرائع کے مطابق کرغزستان سے ایک اور پرواز پاکستانی طلباء کو لے کر آج پاکستان پہنچے گی۔
پاکستانی طلباء کی واپسی کے لیے بشکیک سے 1 ہفتے تک روزانہ ایک پرواز پاکستان پہنچے گی۔دوسری جانب پاکستانی طلباء پر حملوں کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ زخمی طلباء کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور پاکستانی طلباء کی وطن واپسی کا جائزہ لیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلباء کے خلاف ہنگامے پر گہری تشویش ہے،
مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے بیٹوں اور بیٹیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلباء کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور سرکاری خرچ پر پاکستان آنا چاہتے طلباء کی فوری واپسی کو یقینی بنائے۔