اسلام آباد(نیوز ڈیسک )گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی تصویر لیک ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق عدالتی عملے نے کلرکوں اور وکلا کو موبائل فون لے جانے سے بھی روک دیا۔
مزید پڑھیں: پاک افغان طورخم بارڈر تین روز کے لیے بند،وجوہات سامنے آگئیں
صحافیوں کے کمرہ عدالت میں موبائل فون لے جانے پر پہلے ہی پابندی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترامیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک ویڈیو کے ذریعے بطور درخواست گزار سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ انتظامیہ نے تصویر وائرل ہونے کے معاملے پر تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ پولیس کے مطابق انتظامیہ نے عملے کو ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرکے تصویر وائرل کرنے والے شخص کی شناخت کی جائے۔
تصویر وائرل کرنے والے کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی۔ یہ تصویر کمرہ عدالت کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لی گئی تھی۔اس مقدمے کی سماعت براہ راست ٹیلی ویژن پر نہیں کی گئی اور اس کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی، جبکہ اسی کیس کی پچھلی سماعت ٹیلی ویژن پر نشر کی گئی تھی۔