کراچی(نیوزڈیسک) پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں جلتے ہوئے جہاز سے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز (پی این ایس) یرموک نے ایک کامیاب آپریشن میں 8 ایرانی ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں بچالیاجب بحریہ کے جہاز نے آگ سے متاثرہ کشتی سے ہنگامی کال کی بروقت نگرانی کی۔
پاک بحریہ کے جہاز نے تمام ماہی گیروں کو کامیابی سے بچا لیا اور بے قابو آگ بجھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کے سمندر میں ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کی ایک عملی مثال ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں :تربت ، نیول بیس پر دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام، سپاہی شہید، 4 دہشتگرد واصل جہنم
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کا انسانی امدادی آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اس کے عزم کا اظہار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لیے غیر متزلزل لگن اور سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اس کا پختہ عزم خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔