شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان کی قومی اسمبلی نے اتوار کو پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر شہباز شریف کو 16ویں قائد ایوان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب کر لیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا انتخاب ،ووٹنگ کا عمل جاری
سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کے ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا تاہم بعد میں وہ اپنی نشستوں پر چلے گئے۔

نئے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل سے قبل اسپیکر کے حکم پر پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں۔ گھنٹیاں بجنے کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے اور سپیکر نے اعلان کیا کہ جو ارکان شہباز شریف کے حق میں ہیں وہ ’لابی اے‘ میں چلے جائیں جب کہ عمر ایوب کے حق میں ارکان ’لابی بی‘ میں چلے جائیں۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ارکان نے وزیراعظم کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا اور قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند ہونے سے قبل ہی وہ ہال سے واک آؤٹ کر گئے جبکہ سردار اختر مینگل ایوان میں بیٹھے رہے۔ اور کسی کو ووٹ نہیں دیا۔

حکمران اتحاد کی جانب سے شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار تھے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب خان تھے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہباز شریف کو قائد ایوان اور وزیراعظم پاکستان منتخب کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ ان کے مدمقابل عمر ایوب کو 92 ووٹ ملے۔