اسلام آباد(نیوزڈیسک) نو منتخب ممبر اسمبلی ومرکزی رہنما مسلم لیگ ن سردار ایاز صادق نئے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ سردار ایاز صادق کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے نامز امیدوار عامر ڈوگر نے سپیکر کیلئے حصہ لیا، سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کئے جبکہ عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کئے۔ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی جاری رہی، سنی اتحاد کونسل کے ارکان جوتے لہراتے رہے اور نعرے لگاتے رہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نتائج کا اعلان کرنے کے بعد سردار ایاز صادق کو سپیکر کی نشست سنبھالنے کی دعوت دی جس کے بعد سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ ۔ اسپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ اسپیکر نے عمر ایوب کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے گھیراؤ کیا۔
یہ بھی ضرور پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا راولپنڈی رنگ روڈ دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم
جمشید دستی اور گیلری میں موجود افراد کے درمیان تلخ کلامی ۔ علیم خان کو بیلٹ پیپر کے اجراء پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے، عطا تارڑ کے ووٹ ڈالنے پر سنی اتحاد کونسل نے ووٹ چور کے نعرے لگائے۔نواز شریف کے ایوان میں پہنچنے پر ن لیگی اراکین اسمبلی نے حصار بنا لیا۔ سنی اتحاد کونسل ارکان کے نواز شریف کی آمد پر چور کے نعرے جبکہ لیگی اراکین نے شیر شیر کے ساتھ قیدی نمبر 420 کے نعرے بھی لگاتے رہے۔جے یو آئی ف اور بی این پی نےووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، محمود خان اچکزئی بھی رائے شماری میں شریک نہیں ہوسکے۔
جے یو آئی کے 7، بی این پی اور پی کے میپ کا ایک ایک ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔ راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب اسپیکر سردار ایاز صادق سے حلف لیا، نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عامر ڈوگر سے مصافحہ کیا بعدازاں نواز شریف نے انہیں مبارک باد دی۔