اہم خبریں

پٹرول 4روپے 13 پیسے مزید مہنگا، ڈیزل کی قیمت برقرار

اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا۔

پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا،اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 279 روپے 75 پیسے مقرر کردی گئی۔وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 287 روپے 33 پیسے برقرار رہے گی۔قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

یاد رہے نگران وفاقی حکومت نے 15 فروری کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2روپے 73 پیسے کااضافہ کیا،ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 8روپے 37 پیسے کااضافہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملک میں پٹرول کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سالانہ بنیادوں پر سات فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

او سی اے سی کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں 4.18 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں سات فیصد کم ہے۔گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 4.58 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

جنوری کے دوران ملک میں 0.61 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں پانچ فیصد کم ہے۔ گذشتہ سال جنوری میں ملک میں 0.65 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں پٹرول کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی نمو ہوئی۔ دسمبر میں 0.57 ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری میں بڑھ کر 0.61 ملین ٹن ہو گئی۔

دوسری جانب ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر13فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

او سی اے سی اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ملک میں 9.07 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13فیصد کم ہے ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 10.47ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی ۔

جنوری میں ملک میں 1.38ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر کے مقابلے میں 12فیصد زیادہ اور گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 4فیصد کم ہے۔دسمبر میں ملک میں 1.24ملین ٹن اور گزشتہ سال جنوری میں 1.44ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی ۔

متعلقہ خبریں