اسلام آباد(نیوزڈیسک)گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں الیکشن کے التواء کے حوالے سے پیش کردہ قرارداد کی منظوری کا سینیٹ سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ سینیٹ سیکرٹرٹ حکام نے ، الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول فوری تبدیل کرنے کی ہدایتکردی۔ الیکشن التوا سے متعلق سینیٹ سے پاس قرارداد کی کاپی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ، الیکشن کمیشن آف پاکستان ، وزارت قانون و انصاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی ۔گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے۔خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان کی جانب سے پیش کی گئی الیکشن التوا کی قرارداد پر بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے حمایت کی۔پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی جس پر انہیں اپنی جماعتوں سے شوکاز نوٹس ملے، جبکہ ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کرنے کے بجائے قرارداد کی مخالفت کی۔اب، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے قرارداد منظوری کے نوٹفکیشن میں وزارت پارلیمانی امور کو فوری کارروائی کرکے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملکی صورت حال کے پیش نظر الیکشن شیڈول کو فوری تبدیل کرے۔















