کراچی (نیوزڈیسک)محکمہ صحت سندھ کی جانب سے پیر کو کراچی میں کانگو وائرس کے مریض کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔محمد عادل نامی 28 سالہ متوفی 5 مئی بروز جمعہ کو علاج کے دوران انتقال کر گئے تھے۔ چند روز قبل ان کا کانگو وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔محکمہ صحت کے مطابق عادل ایک پیشہ ور قصاب تھے، اور لیاقت آباد کی ایک سپر مارکیٹ کے گوشت والے ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے تھے۔تیس اپریل کو مریض نے بخار اور سر درد کے لیے گھر میں ہی پیراسیٹامول کی گولیاں لیں۔محکمہ صحت کی سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مریض کو تیز بخار ہونے کے بعد دو مئی کو حبیب میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں ایک دن رکھا گیا۔اس کے بعد، مریض کی ناک اور نتھنوں کی جھلیوں سے بار بار خون بہنے لگا،عادل کے ملیریا اور ڈینگی کے ٹیسٹ کرائے گئے جو منفی آئے۔چار مئی کو محمد عادل کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں نارتھ ناظم آباد کے ضیاء الدین اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا انتہائی نگہداشت یونٹ میں علاج کیا گیا۔تاہم 5 مئی کو مریض کا انتقال ہوگیا۔
