کوئٹہ ( اے بی این نیوز )بلوچستان میں جانوروں میں لمپی بیماری کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر محکمہ لائیو اسٹاک نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سندھ کے اضلاع مورو اور نوشہرو فیروز میں جانوروں میں لمپی بیماری کی اطلاعات ملی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ بیماری 2022-23 میں بھی پھیلی تھی، جس سے صوبے میں مویشیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ سے بلوچستان میں داخل ہونے والے جانوروں اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں جانوروں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ مشتبہ یا لمپی سے متاثرہ جانوروں کو صوبے میں داخل ہونے سے فوری طور پر روکا جائے۔