اسلام آباد ( اے بی این نیوز )امریکا میں ایک حیران کن طبی کیس سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون پیروں میں جلن کے احساس کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچی، اور تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس کے دماغ میں طفیلی کیڑے موجود تھے۔
یہ طفیلی کیڑے خاتون کے تھائی لینڈ، جاپان اور ہوائی کے سفر کے دوران اس کے جسم میں داخل ہوئے۔ نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع مقالے کے مطابق، یہ کیڑے خاتون کے مرکزی اعصابی نظام سے منسلک ہوئے اور ابتدائی طور پر 12 دن تک خاموش رہے۔ جب خاتون گھر واپس پہنچی تو اس وقت کیڑوں کی موجودگی کے باعث اس کا مدافعتی نظام شدید ردعمل دینے لگا۔
پھر اس کی ٹانگوں اور ہاتھوں میں شدید تکلیف ہونے لگی، جس کے بعد سر کے درد نے بھی شدت اختیار کی، اور ادویات کے استعمال سے بھی کمی نہیں آئی۔ اسپتال کے ابتدائی دورے میں اسے بتایا گیا کہ یہ ممکنہ طور پر خون کے سفید خلیات کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ تاہم، بعد میں خاتون نے ایک اور اسپتال کا رخ کیا، جہاں ورم کش ادویات سے سر کا درد ختم ہوگیا، مگر علامات دوبارہ ظاہر ہو گئیں۔
اس کے بعد خاتون کے کمرے میں رہنے والی ساتھی نے اس کے عجیب رویے کو نوٹ کیا، جیسے وہ بستر پر ساکت پڑی رہتی یا الجھن کا شکار نظر آتی۔ واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے خاتون کے خون کا معائنہ کیا اور سر کا سی ٹی اسکین کیا، مگر کچھ غیر معمولی دریافت نہ ہو سکا۔ تاہم، جب lumbar puncture طریقہ کار آزمایا گیا تو طفیلی کیڑوں سے ہونے والے ایک مرض کی موجودگی کا پتا چلا۔
ڈاکٹروں نے خاتون کی علامات اور حالیہ سفر کے پیش نظر angiostrongyliasis نامی بیماری کی تشخیص کی۔ یہ بیماری چوہوں سے گھونگوں میں منتقل ہونے والے طفیلی کیڑوں سے پھیلتی ہے۔ عام طور پر لوگ گھونگوں کو نہیں کھاتے، مگر یہ کیڑے پتوں والی سبزیوں میں چھپے ہوتے ہیں، اور ان سبزیوں کو بغیر اچھی طرح دھوئے کھانے سے یہ کیڑے جسم میں داخل ہو جاتے ہیں۔
یہ طفیلی کیڑے پھیپھڑوں کی شریانوں سے ہوتے ہوئے مرکزی اعصابی نظام تک پہنچ سکتے ہیں، اور اگر یہ دماغ تک پہنچ جائیں تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں، مگر ایسا بہت کم ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے، اس خاتون کا دماغ اتنے سنگین متاثر نہیں ہوا اور ڈاکٹروں نے ادویات کے ذریعے اس کا کامیاب علاج کیا۔ اسپتال میں داخل ہونے کے 6 دن بعد خاتون کی علامات اور تکلیف مکمل طور پر ختم ہوگئی۔
یہ کیس ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ سبزیوں خاص طور پر پتوں والی سبزیوں کو اچھی طرح دھونا انتہائی ضروری ہے تاکہ طفیلی کیڑوں سے بچا جا سکے۔