راولپنڈی(نیوزڈیسک)صرف راولپنڈی میں ایک ہی دن میں ڈینگی کے 69 کیسز سامنے آنے سے شہریوں اور ہیلتھ کیئر ورکرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
محکمہ صحت پنجاب نے بدھ کو تصدیق کی کہ صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 82 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ کل کیسز میں سے 69 کیسز صرف راولپنڈی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
جبکہ لاہور سے 04 اور چکوال سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا اور ساہیوال سے ڈینگی کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی وائرس کے انفیکشن کے 459 نئے کیسز کی نشاندہی ہوئی، جس سے 2024 میں پنجاب میں کیسز کی کل تعداد 1245 ہوگئی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے عوام کو یقین دلایا کہ محکمہ نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے علاج سمیت ضروری ادویات کا ذخیرہ موجود ہے۔
راولپنڈی میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے جواب میں محکمہ صحت نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ک کیلئے صاف اور خشک ماحول کو برقرار رکھیں۔انہوں نے وبا پر قابو پانے کیلئے سرگرم صحت ٹیموں کے ساتھ شہریوں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید برآں، محکمہ نے ان لوگوں کیلئے ایک مفت ہیلپ لائن (1033) فراہم کی ہے جو علاج، معلومات حاصل کرنے، یا ڈینگی سے متعلق شکایات درج کروانے کے خواہشمند ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے بھر میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چوکسی اور فعال اقدامات انتہائی اہم ہیں۔
مزید پڑھیں: نان فائلرز کی کیٹیگری ختم ،15 پابندیاں لگانے کا فیصلہ