اہم خبریں

اسلام آباد میں ڈینگی کا خطرہ، 9 کیسز رپورٹ،وزیر داخلہ نے انتظامیہ کو الرٹ کردیا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد انتظامیہ کو بارش کا موسم قریب آتے ہی ڈینگی کے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔محسن نقوی نے ہفتہ کو چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا اور انہیں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دیا۔محسن نقوی نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔انسداد ڈینگی کے جو پلان مرتب کیا گیا ہے اس پر تندہی سے عملدرآمد کیا جائے، محسن نقوی کی ہدایت۔

محسن نقوی نے خبردار کیا کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں ناکامی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے انسداد ڈینگی پلان کی تمام سرگرمیوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے اور شہر کے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریوں سے ڈینگی کیسز کا ڈیٹا تمام لیبز اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رکھنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں انسداد ڈینگی ورکنگ گروپ قائم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ انسداد ڈینگی کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کرے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک ڈینگی کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: تاجروں نے بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف یکم جولائی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا

متعلقہ خبریں