واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکا میں کی جانے والی ایک مختصر مگر تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزے نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں بلکہ ان سے نظام ہاضمہ کی مجموعی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق امریکن سائکالوجی کانفرنس میں پیش کیے گئے تازہ تحقیق کے اعداد و شمار کے مطابق روزوں سے چھوٹی آنت، معدے اور غذائی نالی سمیت نظام ہاضمہ کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے۔
ماہرین نے روزوں کے فوائد جاننے کے لیے چوہوں پر تحقیق کی اور انہوں نے نر اور مادہ چوہوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا۔
مزیدپڑھیں:پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں،ایران
ماہرین نے ایک گروپ کو ہر وقت غذائیں فراہم کیں جب کہ دوسرے گروپ کو ہر چوبیس گھنٹے کے بعد ایک خصوصی وقت میں مختلف غذائیں فراہم کیں۔
ماہرین نے چوہوں پر 8 ماہ تک تحقیق کی، جس کے بعد انہوں نے نتائج جانچے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر وقت غذائیں کھانے والے چوہوں کے مقابلے چوبیس گھنٹوں میں ایک وقت غذا کھانے والے چوہوں کی نظام ہاضمہ کی صحت بہتر رہی، وہ اپنی عمر سے چھوٹے بھی لگنے لگے۔
ماہرین کے مطابق حیران کن طور پر روزوں کا مادہ چوہوں کی آنت، معدے اور غذائی نالی پر زیادہ بہتر فرق پڑا جب کہ نر چوہوں میں بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
روزوں سے مجموعی طور پر تمام چوہوں میں انفلمیشن یعنی مختلف طرح کی تیزابیت کی کمی بھی ہوئی، ان کا وزن بھی بہتر ہوا جب کہ ان میں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی نمایاں حد تک ہوئے۔
ماہرین نے تجویز دی کہ مذکورہ پیٹرن پر اب انسانوں پر تحقیق کی جائے، کیوں کہ بظاہر روزوں کے بہت سارے فوائد دیکھے گئے ہیں اور پہلے بھی روزوں کے فوائد پر متعدد تحقیقات کی جا چکی ہیں۔