گلگت(نیوزڈیسک) وفاق جی بی کو سالانہ 16 لاکھ بوری مقامی گندم کی فراہمی یقینی بنائے، گلگت بلتستان اسمبلی نے متفقہ قرار داد منظورکر لی ، جس کے مطابق وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو سالانہ 16 لاکھ بوری مقامی گندم کی فراہمی کو یقینی بنائے اور گلگت بلتستان کو گندم کی پیداوار میں خودکفیل بنانے کےلئے اگلے تین سالوں کیلئے سالانہ پانچ ارب کے حساب سے ایگریکلچر سپورٹ فنڈ کی فراہم کیا جائے ،اس حوالے سے جی بی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کےلئے ایوان سے ایک سپیشل کمیٹی وفاق میں وفاقی حکومتی اداروں کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعے گندم کے بحران پر جلد از جلد قابو پانے کی کوشش کریگی تاکہ خطے میں بڑے پیمانے پر متوقع عوامی احتجاج اور قحط کی نوبت کو روکا جاسکے۔ وزیر پلاننگ فتح اللہ خان، وزیر خزانہ جاوید علی منوا، وزیر زراعت کاظم میثم، قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے غلام محمد، جمعیت علمائے اسلام کے حاجی رحمت خالق اور نواز خان ناجی کی یہ مشترکہ قرارداد بدھ کے روز وزیر خزانہ جاوید علی منوان نے ایوان میں پیش کی۔ تمام ممبران کی حمایت پر سپیکر امجد زیدی نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا ۔