گلگت (نیوزڈیسک)مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن خطے کی تعمیر و ترقی کا ضامن ہے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے مربوط حکمت عملی وضع کرینگے اور امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اپنی منفرد جغرافیائی و حساس حیثیت کی وجہ سے بد امنی کا متحمل نہیں ہو سکتا اور ماضی میں بھی ملک دشمن عناصر نے خطے میں آگ و خون کا بازار گرم کر کے ترقی و خوشحالی اور بین المسالکی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا تھا مگر اب گلگت بلتستان کے عوام علاقے کی تعمیر و ترقی اور پر امن فضا کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ مشیر داخلہ گلگت بلتستان نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اس وقت اربوں کے ترقیاتی منصوبے زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پاکستان معاشی خودکفاکت کی طرف گامزن ہوگا۔ گلگت بلتستان میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے سے نہ صرف خطے کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے بلکہ عام آدمی کا معیار زندگی بھی بلند ہوا ہے۔ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے اور ملک دشمن عناصر خطے کا امن سبوتاژ کرکے تعمیر و ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں مگر ہم اتفاق و ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری یقینی بنا کے ان کے مذموم مقاصد ناکام بنائیں گے۔