اسلام آباد ( اے بی این نیوز )بیرسٹر گوہر علی خان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت میں کردار ادا کرنے والے تمام فریقین قابلِ تعریف ہیں اور امید ہے کہ یہ سیز فائر مستقل امن کی بنیاد بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت قومی مفاد کو مقدم رکھتی ہے اور پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق “سب سے پہلے پاکستان” کے اصول پر عمل کیا جا رہا ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق حکومت کی جانب سے رابطہ بھی ہوا جس پر انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی اندرونی مشاورت اور اتحاد اجلاس میں مختلف فیصلے کیے گئے، جبکہ قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان سے بھی وکیل کے ذریعے ملاقات ہوئی ہے اور ان کا پیغام موصول ہو چکا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ موجودہ حالات اور قومی و سفارتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کل ہونے والا جلسہ موخر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سیاسی سرگرمیوں کو حالات کے مطابق آگے بڑھائے گی اور امن و استحکام کو ترجیح دی جائے گی۔
مزید پڑھیں :خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ















