اہم خبریں

عمران خان کی صحت، مزید تاخیر ناقابل قبول،ہر گھنٹہ قیمتی ، فوری علاج شروع کیا جائے، فیصل چودھری

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   ) رہنما پی ٹی آئی فیصل چودھری نےکہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کی صحت اس وقت سب سے اہم مسئلہ ہے اور اس معاملے پر سنجیدہ اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی پہلے دن سے سخت رہی ہے اور جیل میں سہولیات محدود ہیں۔ ان کے بقول بینائی، دانتوں اور دیگر طبی مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں جبکہ جیل ہسپتال میں جدید علاج کی مکمل سہولت موجود نہیں۔ فیصل چودھری نے کہا کہ ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق مناسب اور بروقت علاج ضروری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کو آئین کے تحت مکمل طبی سہولیات دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ ذمہ داری کس کی ہے۔

فیصل چودھری نے کہا کہ اگر بینائی متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے تو یہ انتظامی غفلت ہے یا پالیسی کی ناکامی، اس کا تعین ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جیل رولز کے مطابق طبی سہولت فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے اور جیل حکام و صوبائی حکومت اس حوالے سے جوابدہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹس کے مطابق طبی مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لینا ایک سنگین معاملہ ہے۔ وزیراعظم ہو یا عام قیدی، صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اگر علاج بیرون جیل یا بیرون ملک ضروری ہو تو فیصلہ ڈاکٹر کی رائے پر ہونا چاہیے۔ اے بی این نیوز کے پروگرام ’’سوال سے آگے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ

بینائی جیسے سنجیدہ معاملے پر فوری اور اعلیٰ سطح کا علاج یقینی بنایا جائے۔ اگر بینائی متاثر ہو چکی ہے تو فوری ریکوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ فیصل چودھری نے کہا کہ فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، آج ہی نوٹیفکیشن جاری ہو اور صبح پہلی فرصت میں اسپیشلسٹ ہسپتال منتقل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، ہر گھنٹہ قیمتی ہے اور 16 فروری کا انتظار کیے بغیر فوری علاج شروع کیا جائے۔

مزید پڑھیں :رمضان پیکیج میں اضافے کی منظوری ،اب12500 ملیں گے،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں