راولپنڈی (اے بی این نیوز ) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں علیمہ خان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے۔ یہ فیصلہ 7 جنوری 2026 کو ہونے والی سماعت کے دوران سامنے آیا۔انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے وکیل فیصل ملک جبکہ سرکار کی طرف سے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اس مقدمے میں اب تک 28 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ دورانِ سماعت پانچ ملزمان کے وکلاء دس گواہوں پر جرح مکمل کر چکے ہیں، تاہم دیگر گواہوں پر آج جرح نہیں ہو سکی۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کے رویے اور بار بار عدم حاضری کے باعث مقدمہ مسلسل تاخیر کا شکار ہے، اس لیے کیس کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کا حکم دیا جائے۔
سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جس پر پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ لاہور میں زیر سماعت مقدمات کی کاز لسٹ منسلک نہیں کی گئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 جنوری بروز جمعرات تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں :امریکا نے وینزویلا جانے والے ایک اور آئل ٹینکر کو روک لیا،روس کیساتھ کشیدگی بڑھنے کا خطرہ















